چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایڈولیسنٹ ویوتھ پالیسی کے ذریعے پاکستان بچوں اورنوجوانوں کی دلچسپی پر مبنی مہارتوں کو پروان چڑھائیں گے،آئی ٹی ایکسپورٹس کو اڑھائی بلین ڈالر سے چار سال میں 25 بلین ڈالر پر لے کرجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اور پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے زیر اہتمام لاء کالج گراؤنڈ میں منعقدہ ’ایمپلائمنٹ ایکسپو‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی، پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود،اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے طارق ریاض، ڈائریکٹر کریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 2016 میں دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان دنیا کی بہترین 30 معیشتوں میں شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں ہے جس کی اے آئی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں اورڈیجیٹل یوتھ ہب میں 6 ماہ میں 8لاکھ نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب ایسا پورٹل ہے جس میں نوکری کے لئے سفارش کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک چھت تلے مارکیٹ کے تمام سیکٹرز کو اکٹھا کر رہی ہے۔جس کا مقصدنوجوانوں کو بتانا ہے کہ اب کس قسم کی جابز مارکیٹ کی ضرورت ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اے آئی اور آئی ٹی کا جاب فیئر منعقد ہوا۔انہوں نے نوجوان نسل کے لئے رانا مشہود کی خدمات کو لائق تحسین قرار ردیا۔ طارق ریاض نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے ہرشعبہ میں لیڈرز پیدا کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جابز کی جگہ انٹرپینورشپ اپنی جگہ ذیادہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کے آئیڈیاز پر فنانس رکاوٹ نہ ہو اس کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو عملی میدان میں بھی اپنا کردار بڑھانا چاہئیے۔ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی نے کامیاب ایکسپوکے انعقاد پر وائس چانسلر، حکومتی اداروں سمیت تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کیریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر طلباؤطالبات کو عملی میدان میں مدد فراہم کرنے کے لئے کردار ادا کرتے رہے گا۔