وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمد علی نے کہا ہے کہ اساتذہ کو اپنے طلباؤطالبات کو مصنوعی ذہانت اور چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہوگی۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام پانچویں ِتقسیم تقریب اسناد سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد فاروق،ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسرڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری،جامعات کے وائس چانسلرز،شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، طلباؤطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق پاکستان بھر میں اساتذہ کی تربیت کا بہترین ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے اساتذہ کی اہمیت کوبڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کوتعلیم دینے کے حوالے سے اساتذہ کی ذمہ داریاں کلاس روم کے اندر جتنی اہم ہیں، اتنی ہی کلاس روم سے باہر بھی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گریجوئیٹس کو روزگار کے حصول کے قابل بنانے،مہذب شہری اور بہترین انسان بنانے کی ذمہ داری بھی اساتذہ کی ہے۔انہوں نے ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لئے اپنے والدین کا ہمیشہ خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا معیار دولت نہیں بلکہ علم اور تقویٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا وائس چانسلر بننا کسی اعزاز سے کم نہیں، مگر اس کے لئے علم حاصل کرنا ضروری ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق باصلاحیت فارغ التحصیل پیدا کرنے کی اپنی شاندار تاریخ رکھتا ہے جس سے اس کی اہمیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اسی طرح ہر بچے کا یہ حق بھی ہے کہ اسے بہترین اساتذہ کی سرپرستی میں معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذ ہ قوم کے وہ محافظ ہیں جو ہر نسل کو سنوارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں 127ایم فل ایجوکیشن، 15بی ایڈ (ڈیڑھ سالہ)اور 717انڈر گرایجوئیٹ کی ڈگریاں عطاء کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق کے اساتذہ کے60 تحقیقی مقالہ جات ملکی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں جبکہ فیکلٹی ممبران 30قومی و بین الاقوامی کانفرنسز، ورکشاپس، نمائش، سیمینارز اور سمپوزیم میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کامیاب طلباؤطالبات کوڈگریاں اور میڈلز پیش کئے