48
پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (پی ٹی یو ٹی) کے نو منتخب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عدیل اکرم نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پروفیسر ڈاکٹر عدیل اکرم کو وائس چانسلر کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیقی سرگرمیوں، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر عدیل اکرم نے یو ای ٹی لاہور کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی لاہور ملک کا ایک ممتاز تعلیمی ادارہ ہے، جس کی رہنمائی اور تعاون سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی مستقبل میں نمایاں پیش رفت کر سکتی ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر سے تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں تعاون کی درخواست بھی کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرکاری جامعات کے مابین اشتراک کا عمل وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ تحقیق و جدت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور دیگر جامعات کے ساتھ علمی روابط مضبوط بنانے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔