ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہے) نے جامعہ کراچی (کے یو) کے تعاون سے جامعاتی انتظام کے لیے قومی آؤٹ ریچ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب اعلیٰ تعلیمی شعبے میں انتظامی بہتری اور ادارہ جاتی کارکردگی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی گئی۔تقریب میں ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی کے انچارج مسٹر سلیمان احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید عاصم علی نے ناہے اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ضروری تربیت کا جامعہ کراچی میں انعقاد ادارے کے انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی منتظمین کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی ملک کی پہلی یونیورسٹی ہے جہاں اس نوعیت کے سیشنز منعقد ہو رہے ہیں، جنہیں ایچ ای سی آئندہ دیگر سرکاری جامعات تک وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔مہمانِ خصوصی مسٹر سلیمان احمد نے ایچ ای سی کے انتظامی وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایچ ای سی نے ملک بھر میں دو ہزار سے زائد اساتذہ اور تقریباً چودہ سو انتظامی عملے کو تربیت فراہم کی ہے۔
