91
پنجاب یونیورسٹی سینٹر فار اپلائیڈ مالیکیولر بایولوجی (کیمب) کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد عدنان شان کو تعلیمی سال 2025–26 کے لیے فلبرائٹ پوسٹ ڈاکٹریٹ سکالرشپ سے نوازدیا گیا۔ فلبرائٹ پوسٹ ڈاکٹریٹ پروگرام، امریکہ کے تعاون سے جاری، دنیا کے نہایت مسابقتی بین الاقوامی تعلیمی وظائف میں شمار ہوتا ہے اور اس کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی معیار، تحقیقی تعاون اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔اس سکالرشپ کے تحت محمد عدنان شان امریکہ میں جدید پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق کریں گے، جہاں وہ اپنی مہارت کے شعبے فرانزک جینیٹکس میں ریسرچ انجام دیں گے، جو جدید سائنسی تحقیق میں اہم کردار ادا کرے گی اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور فیکلٹی ممبران نے اس کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی اور اسے یونیورسٹی اور پاکستان کی علمی برادری کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ یہ کامیابی یونیورسٹی کے بہترین تحقیقی ماحول اور اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق میں معیارِ امتیاز کے عزم کی عکاس ہے۔