Home اہم خبریں وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی میں مرکز ترقی تہذیب و دیانت کا افتتاح کردیا

وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی میں مرکز ترقی تہذیب و دیانت کا افتتاح کردیا

پنجاب یونیورسٹی اورکاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے درمیان اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے تعاون سے جاری منصوبے ’ڈیجیٹلائزیشن فار ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ‘ کے نفاذ کے لیے ایک معاہدہ طے پایا ہے،

by Ilmiat

 وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی میں ’مرکز ترقی تہذیب ودیانت‘کا افتتاح کردیا۔اس سلسلے میں خصوصی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں مرکزکے پیٹرن اور پرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرخالد محمود، بریگیڈیئر اسجد بلوچ، کرنل ریحان خان،ڈائریکٹر، مرکزِ ترقیِ تہذیب و دیانت ڈاکٹر شبیر احمداور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ معاشرتی اصلاح اور قومی ترقی میں جامعات کا کرداراہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اداروں کے اشتراک سے جامعات معاشرے میں رواداری، برداشت اور صبر و تحمل کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے عسکری اداروں اور اعلیٰ قیادت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کہا کہ جامعات صرف درس و تدریس کے مراکز نہیں ہیں بلکہ مختلف سماجی، علاقائی اور لسانی پس منظر رکھنے والے افراد کے مابین ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے مراکز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کا احترام ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔بریگیڈیئر اسجد بلوچ نے قومی اداروں اور جامعات کے مابین تعاون اور اشتراکِ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور تحفظ کے لیے قومی و صوبائی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہے جبکہ اساتذہ قوم کی فکری و اخلاقی تعمیر میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر شبیر احمد خان نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکز کے قیام کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درس و تدریس کے ساتھ نوجوان نسل کے کردار کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔\

پنجاب یونیورسٹی اورکاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے مابین معاہدہ

 

 پنجاب یونیورسٹی اورکاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے درمیان اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے تعاون سے جاری منصوبے ’ڈیجیٹلائزیشن فار ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ‘ کے نفاذ کے لیے ایک معاہدہ طے پایا ہے،جو لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے اضلاع میں نافذالعمل ہوگا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے دفترمیں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی،سی ای اوکاروان کرافٹس فاؤنڈیشن دانش جبار خان، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹریامینہ سلمان، چیئرپرسن شعبہ ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر سویرا شامی، فیکلٹی ممبران و دیگر نے شرکت کی۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصدکے سی ایف اور پنجاب یونیورسٹی کے درمیان تعاون کو باضابطہ بنانا ہے تاکہ ڈیجیٹل مہارتوں، رہنمائی (مینٹورشپ)، ٹیک ویلیجز، تربیتی سرگرمیوں اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔ اس منصوبے کے تحت 18 سے 35 سال کی نوجوان خواتین کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور معاشی بااختیاری کے مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔ کثیر المقاصد ڈیجیٹل لرننگ ہبز (ٹیک ویلیجز) قائم اور فعال کیے جائیں گے، ڈیجیٹل لٹریسی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور ڈیٹا اینالیٹکس کی تربیت فراہم کی جائے گی، طلبہ کو صنعت کے ماہرین سے جوڑنے کے لیے منظم مینٹورشپ پروگرام نافذ کیا جائے گا، خواتین کی ڈیجیٹل ملازمت کے لیے تعلیمی، ادارہ جاتی اور لیبر مارکیٹ روابط کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ منصوبے کی طویل مدتی پائیداری، حوالگی اور ادارہ جاتی ملکیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ یہ معاہدہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔

You may also like

Leave a Comment