87
وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغۂ امتیاز) نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی کی 18ویں سالانہ رپورٹ 2025 کی لانچنگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ رپورٹ کے مصنف شاہد جاوید تھے جبکہ رپورٹ کا عنوان “The State of the Economy: Climate Change – Mediating Chaos and Crisis” تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد منیر نے ماحولیاتی سفارت کاری کے حوالے سے ایک منفرد اور عالمی سطح پر کم زیرِ بحث آنے والا تصور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انوائرمنٹل ڈپلومیسی کو اپنی خارجہ پالیسی کا باقاعدہ ستون بنانا چاہیے کیونکہ پاکستان ماحولیاتی تباہی کا ایک بڑا متاثرہ ملک ہے، جس کے ذمہ دار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت، چین اور امریکہ جیسے ممالک کے صنعتی اور ماحولیاتی اقدامات کے اثرات کا خمیازہ پاکستان کو اربوں ڈالر کے نقصانات کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے، جس کے باعث ملک کی معاشی ترقی شدید متاثر ہوتی ہے۔
ڈاکٹر شاہد منیر نے زور دیا کہ پاکستان کو ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انوائرمنٹل ڈپلومیسی اپنانی ہوگی تاکہ عالمی برادری، بالخصوص انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج اور دیگر متعلقہ فورمز کے ذریعے، ذمہ دار ممالک کو ماحولیاتی کمٹمنٹس پر عمل درآمد کا پابند بنایا جا سکے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مالی تعاون فراہم کیا جائے اور ملک کے ٹرانسپورٹ و صنعتی نظام کو ماحول دوست بنانے کے لیے فنڈنگ مہیا کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک پائیدار اور مضبوط معیشت کی جانب بڑھنا ہوگا اور حکومت و پالیسی سازوں کو چاہیے کہ اس رپورٹ میں پیش کی گئی تجاویز سے بھرپور استفادہ کریں۔ تقریب میں شاہد نجم، شاہد جاوید برکی، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل، ڈاکٹر اعجاز سندھو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی نے رپورٹ کے مصنف شاہد جاوید کی تحقیقی و فکری خدمات کو بھی سراہا اور رپورٹ کو پالیسی سازی کے لیے ایک اہم دستاویز قرار دیا۔