لاہور: لاہور کی سرکاری اور نجی جامعات نے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر لاہور انٹر یونیورسٹی لیگ قائم کر دی۔ اس مقصد کے تحت گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خواجہ خورشید انور میوزک مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس کے اختتام پر 17 جامعات کے وائس چانسلرز نے تعلیمی تعاون کے فریم ورک پر دستخط کیے۔
تقریب میں پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، جی سی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری اور یونیورسٹی آف دی پنجاب کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سمیت دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور نمائندے موجود تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ لاہور انٹرورسٹی لیگ کا مقصد یونیورسٹیوں کے درمیان نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے تعاون کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے میوزک کے فروغ میں طارق فارانی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ موسیقی ثقافتی ہم آہنگی اور سماجی روابط کو فروغ دیتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اس معاہدے سے جامعات کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھے گا۔پی ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یونیورسٹیوں کا اشتراک بہت ضروری تھا۔
تقریب میں گلوکارہ حمیرا چنہ اور کلاسیکل موسیقی کے استاد حمید علی خان نے بھی خطاب کیا اور تعلیمی اداروں میں موسیقی کی روایات کو برقرار رکھنے کے کردار پر زور دیا۔
شرکت کرنے والے اداروں میں یونیورسٹی آف دی پنجاب، یونیورسٹی آف ایجوکیشن، یو ای ٹی لاہور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، فورمین کرسچن کالج، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور اسکول آف اکنامکس، قرشی یونیورسٹی، منہاج یونیورسٹی، لاہور گیریزن یونیورسٹی، این یو آر انٹرنیشنل یونیورسٹی، راشد لطیف خان یونیورسٹی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن اور مزید دو ادارے شامل ہیں۔
پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کے حقدار طلبہ میں غلام قنبر، خان افسر، سفیرہ جوہنی، غیاث حیدر، طوبیٰ خالد، مبشر حسن، آمنہ بتول، عباس فاروق، توسل مہدی، اریبہ شفیق، محمد عباس، رابنسن، غلام شبیر، حماد احمد، عبداللہ فہیم، بسمہ ادریس، عندلیب، علی زین، نذر عباس، علی زر، سیدہ فارین، علی حسنین آصف، حبیبہ رمضان، علی نواز، سلمان یعقوب اور سید ثاقب انور شامل ہیں۔