50
ا
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا بیسواں کانووکیشن خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم بغداد الجدید کیمپس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان کے تفویض کئے گئے اختیار کے مطابق بہار سیمسٹر 2017 تا 2021 کے گریجویٹس کو میڈل اور ڈگریاں عطا کیں۔اسناد حاصل کرنے والوں میں 2697 طلباوطالبات شامل تھے جن میں 111 پی ایچ ڈی 744 ایم فل 79 گولڈ میڈلسٹ اور79 سلور میڈلسٹ شامل تھے۔تقریب میں ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک ظہیر اقبال چنٹر اور سابق گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن مہمانان خصوصی تھے۔ ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک ظہیر اقبال چنٹر نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ اعلیٰ تعلیم ہی وہ قوت ہے جو قوموں کی تقدیر بدلتی ہے ۔ جو معاشرے علم کو ترجیح دیتے ہیں وہی ترقی استحکام اور وقار حاصل کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے کانووکیشن محض ایک تقریب نہیں یہ اس اجتماعی شعور کی علامت ہے جہاں قوم اپنے نوجوانوں کو مستقبل کی ذمہ داری سونپتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے خطے کی تعلیمی تہذیبی سائنسی اور سماجی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

اس ادارے نے ایسے طلباو طالبات تیار کیے ہیں جو آج ملک بھر میں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔ بہاول پور ہمیشہ سے علم و حکمت کی سرزمین رہا ہے۔ یہاں کی مٹی میں تصوف ہےتہذیب ہے تحقیق کی گہرائی ہے جو اسے پاکستان کی نمایاں علمی فضا میں ممتاز بناتی ہے۔ انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور محض ایک تدریسی ادارہ نہیں بلکہ تحقیق جدت ٹیکنالوجی تہذیبی حساسیت اور سماجی خدمت کا ایک ہم آہنگ مرکز بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے حالیہ عرصے میں تعلیمی معیار اور تحقیق کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔ قومی اور بین الاقوامی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا مقام مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے چانسلر سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے طلباو طالبات والدین اساتذہ اور معززین کو کانووکیشن کی مبارکباد دی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ کی بہتری کے لیے ہمہ جہتی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں اعلی تعلیمی معیار مالی استحکام اور عالمی جامعات سے روابط شامل ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تدریسی وتحقیقی معیار میں اضافے کےلیے کوشاں ہے اور تحقیقی پروڈکٹس کو صنعتی استعمال کے لیے پیش کر رہی ہے۔
حال ہی میں ایک بڑی پراجیکٹ نمائش میں آرٹیفیشل اینٹیلیجنس ڈیٹا سائنس سائبر سیکورٹی الیکٹریکل اور الیکٹرونکس انجینئرنگ کے پراجیکٹس کو نمائش میں پیش کیا گیا جو سول اور دفاعی نوعیت کے ہیں۔ جامعات کی عالمی درجہ بندی کے اداروں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تعلیمی ترقی کا ادراک کرتےہوئے پاکستان کی پہلی 10 ایشیاء کی 281 اور دنیا کی اولین 847 جامعات میں شامل کیا ہے۔ یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلومنائی چیپٹر شامل کیا گیا ہے جس کی پہلی شاندار تقریب آج ہی کے دن منعقد ہو رہی ہے۔ حالیہ سیلاب میں ملک کے طول و عرض میں بڑی تباہی ہوئی ۔ اس موقع پر آئی یو بی فلڈ ریلیف سیل نے ہزاروں سیلاب متاثرین کو بچاؤ راحت اور بحالی میں مدد کی۔ زراعت کے شعبے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور گرین پاکستان انیشیٹو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور یونیورسٹی کی کپاس کی اقسام پنجاب میں بڑے پیمانے پر کاشت ہو رہی ہے۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی سہیل زاہد خان، ممبر صوبائی اسمبلی رانا طارق خان،وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یار خان پروفیسر ڈاکٹر عمران اعظم، وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر مظہر ایاز، ڈینز پرنسپل آفیسر، اساتذہ ، عمائدین شہر اور میڈیا نمائندوں نےشرکت کی۔