پاکستان۔امریکا نالج کوریڈور کے تحت حکومت نے آئندہ دس برسوں میں 10,000 معیاری پی ایچ ڈی سکالر تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ سکالرز مستقبل میں پاکستان کی سائنسی، تکنیکی اور معاشی ترقی میں مرکزی کردار ادا کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرینہ، مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ پاکستان قومی ترقی کے عمل میں امرکا کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، خصوصاً سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے درمیان ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہا ہے۔فلبرائٹ پروگرام کے تحت ہر سال بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ امریکا کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انسانی وسائل کی ترقی وہ بنیادی’’سافٹ ویئر‘‘ ہے جو قومی انفراسٹرکچر جیسے ’’ہارڈویئر‘‘ کو مؤثر، جدید اور پیداواری بناتا ہے۔اعلیٰ معیار کی یونیورسٹیاں اور عالمی سطح کا تعلیمی نظام ہی کسی ملک کو مستقبل کی معاشی و تکنیکی طاقت میں تبدیل کرتے ہیں۔ اسی وژن کے تحت حکومت پاکستان اُڑان پاکستان پروگرام کے ذریعے شعبہ تعلیم میں وسیع اور بنیادی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔