جامعہ بلوچستان میں نوجوانوں کی ادبی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی تخلیقی کاوشوں کو سراہنے کے لیے “نوجوان ادبی صلاحیتوں کے اعتراف” کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب جامعہ کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی جس میں اساتذہ، طلبہ، ادبی شخصیات اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا نمایاں پہلو نوجوان مصنفہ آرشیہ خان بڈیچ کی تصنیف “The Ocean of Thoughts” کی پذیرائی تھی، جو نوجوان ذہنوں کی تخلیقی سوچ، فکری گہرائی اور ادبی ذوق کی نمائندہ ہے۔مصنفہ آرشیہ خان بڈیچ نے اپنے خطاب میں اپنی تصنیف کے خدوخال اور اپنے تخلیقی سفر کے تجربات شرکاء سے شیئر کیے۔ انہوں نے جامعہ بلوچستان اور سینٹر آف ایکسی لینس برائے CVE اور فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سینٹر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوان مصنفین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادب معاشرے کا آئینہ ہے جو انسان میں سوچ، شعور اور تبدیلی کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔

سیمینار کا آغاز ڈاکٹر دوست محمد بڈیچ، چیف کوآرڈینیشن آفیسر سینٹر آف ایکسی لینس CVE، بلوچستان کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا رجحان ادب اور فکری سرگرمیوں کی طرف لانا معاشرتی ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔تقریب میں مہمانانِ گرامی میں جامعہ بلوچستان کے فیکلٹی ڈینز پروفیسر ڈاکٹر زینب بی بی، ڈاکٹر کلیم اللہ بڈیچ، ڈاکٹر ایوب کاکڑ، ڈاکٹر دوست محمد بڈیچ اور ڈاکٹر ناصر کھیازئی ڈی جی اسٹوڈنٹس افیئرز شامل تھے۔ مقررین نے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں، علمی رجحانات، اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں جامعہ بلوچستان کے کردار کو سراہا۔ڈاکٹر عصمت اللہ خان، ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر، سینٹر آف ایکسی لینس برائے CVE نے کہا کہ ادبی اور فکری سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت بیانیہ اپنانے، تنقیدی سوچ پیدا کرنے اور معاشرتی ذمہ داری کا احساس دلانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مصنفہ، طلبہ اور نمایاں شرکاء میں تعریفی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کتاب کی پذیرائی کے ساتھ کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے مصنفہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکاء نے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں، تخلیقی مواقع، اور قومی و عالمی سطح پر پاکستانی نوجوانوں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ جامعہ بلوچستان ہمیشہ نوجوانوں کی فکری و تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔

#UOB#ILMIATONLINE