اسلام آباد (رپورٹ) — پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات، بیریسٹر دانیال چوہدری نے ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول میں “ینگ پرینیورز انیشی ایٹو” کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نوجوان طلبہ کے تخلیقی اور اختراعی جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا۔یہ پروگرام نوجوان طلبہ میں تخلیقی صلاحیت، جدت اور کاروباری مہارت پیدا کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کا نمایاں مرحلہ، “ینگ پرینیورز لانچ پیڈ”، جڑواں شہروں میں اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہے جسے چہارم اور پنجم جماعت کے طلبہ نے مکمل طور پر خود منظم کیا۔ اس ایونٹ میں 250 سے زائد اسٹالز لگائے گئے جن میں طلبہ کے ہاتھوں سے تیار کردہ منفرد اور اختراعی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔
اپنے خطاب میں بیریسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ:“آج ہم یہاں صرف ایک اسکول تقریب نہیں دیکھ رہے، بلکہ یہ ہماری مستقبل کی معیشت کا بیج ہے۔”انہوں نے کہا کہ “ینگ پرینیورز انیشی ایٹو” ایک اہم قدم ہے جو رٹّہ سسٹم سے ہٹ کر عملی تعلیم، مذاکراتی صلاحیت، مالی فہم اور کاروباری سوچ جیسے 21ویں صدی کے بنیادی ہنر فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے صرف مستقبل کی تیاری نہیں کر رہے بلکہ اسے خود تشکیل دے رہے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے حکومت کی اس پالیسی پر بھی روشنی ڈالی جو تنقیدی سوچ اور اختراع پر مبنی تعلیمی نظام کی ترویج کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول کی جامع اور متوازن تعلیم میں قیادت کو سراہتے ہوئے طلبہ کو اپنی تخلیقی اور عملی جستجو کو مزید آگے بڑھانے کی ترغیب دی۔
ٓ#