سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے انجینئرز کی تیار کردہ اینٹی سموگ گن کا افتتاح کردیا ۔ یہ افتتاحی تقریب جی اوآر میں ان کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر یوای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کے علاوہ صوبائی وزیر ہائیرایجوکیشن راناسکندر حیات خاں، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری، چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر رانا اقراراحمد خاں، سیکرٹری ایچ ای ڈی غلام فرید، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر عمر چوہدری، ڈین مکینیکل ڈاکٹر توصیف ایزد، سی سی نیوکیمپس ڈاکٹر شاہد عمران، ڈین الیکٹریکل ڈاکٹر محمد شعیب، رجسٹرار محمد آصف، پی آراو ڈاکٹر تنویرقاسم ، معین سلطان اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔ مریم اورنگزیب نے اینٹی سموگ گن کو یوای ٹی کی ایک اور شاندار کامیابی قراردیا۔ انہوں نے وائس چانسلر اور انکی پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب حکومت اس مشین گن سے مستفید ہوگی ”سموگ“ کا مسئلہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے ۔ وائس چانسلر نے اینٹی سموگ گن کے متعلق مختصر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کی رینج 40 میٹر ہے۔ یہ گن مؤثر طریقے سے دھول اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے استعمال کی جائیگی۔

یہ جدید ڈسٹ سپریشن سسٹم تعمیراتی مقامات، پتھر توڑنے کے پلانٹس اور مائننگ کے دوران پیدا ہونے والے گرد و غبار کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سسٹم کی بدولت پانی کے باریک ذرات فضا میں بکھر کر گرد کے ذرات کے ساتھ جڑ جاتے ہیں اور ان کو نیچے گرا دیتے ہیں، جس سے فضائی آلودگی کم اور ماحول بہتر ہوتا ہے۔ رانا سکندر حیات نے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغہ امتیاز) ک اور ان کی ٹیم کو اس کارنامے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایجاد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں ایک عملی قدم ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یو ای ٹی کو ایجادات کا حب بنائیں گے۔ ہماری وزارت ایکڈمیا انڈسٹری لنکجز کی حوصلہ افزائی کرےگی اور یوا ی ٹی کی بھرپور مالی سپورٹ کرے گی ۔انہوں نے پراجیکٹ سپروائزر انجینئرمعین سلطان، ڈین مکینیکل ڈاکٹر توصیف، کیمپس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہد عمران اور چیئرمین ڈاکٹر محمد فرحان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی کے انجینیئرز نے ہمیشہ جدید تحقیق اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔