بہاولپور (پ۔ر) دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور کے تعاون سے ورلڈ فوڈ ڈے کے موقع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم تھیں، جبکہ مہمانانِ اعزاز میں عارف قریشی ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی،عبدالعظیم ڈپٹی ڈائریکٹر، اور منیبہ غفار نیوٹریشنسٹ شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مریم چیئرپرسن، شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،ڈاکٹر فاطمہ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرزاور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد محفوظ اور متوازن خوراک پر ہے۔ آج کے دور میں غذائی آگاہی اور خوراک کے درست انتخاب سے نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ ایک مضبوط اور باشعور قوم تشکیل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اس مفید پروگرام کے انعقاد پر سراہا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی، عارف قریشی نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف تعلیمی و آگاہی سرگرمیوں کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے طلبات میں غذائی شعور بیدار کرنے کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ نیوٹریشنسٹ منیبہ غفار نے روزمرہ خوراک میں توازن، حفظانِ صحت کے اصولوں اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے انتخاب پر مفید معلومات فراہم کیں۔ سیمینار میں طالبات اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ورلڈ فوڈ ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار — محفوظ اور متوازن خوراک صحت مند معاشرے کی بنیاد، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم
51