پنجاب کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی سینڈیکیٹ کے 27ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کی قیادت میں جامعہ کی شاندار ترقی، داخلوں میں نمایاں اضافہ اور روایتی و غیر روایتی ذرائع سے آمدن میں خاطر خواہ بہتری پر اطمینان اور تحسین کا اظہار کیا۔
یہ اجلاس پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان سمیت صوبائی اسمبلی کے ارکان میاں منیر احمد، چوہدری جاوید علاؤالدین، سینئر صحافی سلمان غنی، سابق وفاقی سیکریٹری مظہر علی خان اور ایچ ای سی، ایچ ای ڈی، قانون و خزانہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ یونیورسٹی رجسٹرار جمیل عاصم نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف اوکاڑہ نے رواں مالی سال کے بجٹ میں تقریباً 6 کروڑ روپے کا سرپلس حاصل کیا، جبکہ کیفے ٹیریاز اور فوٹو کاپی شاپس کی نیلامی سے گزشتہ برس کی نسبت 40 لاکھ روپے کی زائد آمدن ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے میں یونیورسٹی میں داخلوں کی شرح میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزیر ہائر ایجوکیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو مالی و انتظامی معاونت فراہم کرنے پر وائس چانسلر کو خصوصی طور پر سراہا۔
مزید برآں، سینڈیکیٹ نے متفقہ طور پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے 1.7 ارب روپے مالیت کے بجٹ تخمینے کی منظوری دی۔ وائس چانسلر کی جانب سے مرتب کردہ پوسٹ ڈاکٹریٹ رخصت کے قواعد بھی مجاز ادارے نے منظور کر لیے۔
اجلاس میں یونیورسٹی کو سٹی کیمپس، سمد پورہ اوکاڑہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ 12 کمرشل دکانوں کی تعمیر کی اجازت بھی دی گئی، جبکہ 15 کالجز کو الحاق دینے کی منظوری بھی دی گئی
وزیر ہائر ایجوکیشن کا یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر کو بجٹ سرپلس اور سیلاب متاثرین کی معاونت پر خراجِ تحسین
13