
لاہور (پریس ریلیز) — ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (APSUP) اور پنجاب گروپ کے درمیان انڈس کانکلیو 2025 کے لیے ایک اہم شراکت داری قائم ہو گئی۔ اس حوالے سے چیئرمین اے پی ایس یو پی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرّحمٰن، ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان اور پنجاب گروپ کے سینئر ارکان کے درمیان ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی۔
ملاقات کے دوران پنجاب گروپ کی ڈائریکٹر محترمہ خدیجہ عامر، جناب بلال افضل اور جناب حمزہ عامر نے ذاتی طور پر اے پی ایس یو پی کو تقریب میں مرکزی شراکت دار کے طور پر شرکت کی دعوت دی اور ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انڈس کانکلیو 2025، جو 4 اور 5 اکتوبر کو الحمرا آرٹس سنٹر، لاہور میں منعقد ہوگا، تعلیمی، پالیسی اور ثقافتی دنیا کی عالمی و علاقائی شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔ اس موقع پر اے پی ایس یو پی کا کردار نہایت کلیدی قرار دیا گیا، جو علمی مکالمے اور علاقائی فکری قیادت کو فروغ دینے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
