
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا 88واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر صدارت بغدادالجدید کیمپس میں منعقد ہوا۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تدریس و تحقیق کا اعلیٰ معیار بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگی ہی دراصل یونیورسٹی کی رینکنگ اور ساکھ میں اضافے کا باعث بنتی ہے ۔ کوالٹی ایجوکیشن ہی ہمارا نصب العین ہے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔ تمام تر مقالہ جات ویب پورٹل پر موجود ہوں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تحقیقی موضوعات معاشرے کی بہتری اور ملکی ترقی سے ہم آہنگ ہوں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور موجودہ اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے313 مقالہ جات ، عنوانات ، موضوعات و ممتحنین کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈینز،پروفیسر اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان شریک ہوئے۔