MDCAT 2025………پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے پنجاب اور سندھ میں شدید سیلاب کے باعث میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2025 کی تاریخ باضابطہ طور پر تبدیل کر دی ہے۔ ۔
پہلے امتحان کی تاریخ 5 اکتوبر مقرر تھی، تاہم اب اسے 26 اکتوبر 2025 (اتوار) تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی نمائندوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ توسیع ایک اہم اقدام ہے تاکہ وہ تمام طلبہ بھی امتحان میں شریک ہو سکیں جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہنے کی وجہ سے پہلے شامل نہیں ہو پا رہے تھے۔

MDCAT 2025: اہم اصلاحات اور نیا ڈھانچہ
پی ایم ڈی سی نے اس سال کے داخلہ امتحانات کے نظام میں بڑی تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں۔ MDCAT 2025 کے لیے ایک ڈیجیٹل سوالیہ بینک تشکیل دیا گیا ہے تاکہ امتحانات زیادہ شفاف اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق ہوں۔پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ طلبہ کی رجسٹریشن اور نگرانی کونسل کے ذمے ہوگی، جبکہ سوالات کی تیاری، امتحان کے انعقاد اور نتائج کی جانچ سرکاری جامعات کریں گی۔ ذمہ داریوں کی یہ تقسیم پورے ملک میں شفافیت اور مساوات کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔نیا سوالیہ بینک ایک ایسے نصاب پر مبنی ہے جس پر تمام صوبے متفق ہیں، تاکہ ہر امیدوار کو یکساں مواقع اور تیاری کے مساوی مواقع مل سکیں۔
MDCAT 2025: امتحانی تفصیلات
- اہلیت کے لیے کم از کم 65 فیصد نمبر ایف۔ایس۔سی (پری میڈیکل) یا مساوی امتحان میں درکار ہوں گے۔
- طلبہ کو اپنے ڈومیسائل کے علاقے میں امتحان دینا ہوگا۔ تاہم بیرونِ ملک مقیم طلبہ کے لیے ریاض (سعودی عرب) میں بھی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
- امتحان میں 180 ایم سی کیو سوالات ہوں گے (پہلے 200 تھے) اور وقت 3 گھنٹے ہوگا۔
MDCAT 2025: نصاب
- بائیولوجی: سیل بایولوجی، جینیٹکس، فزیالوجی، ایکالوجی اور انسانی نظام۔
- کیمسٹری: اسٹوکیومیٹری، پیریاوڈک ٹرینڈز، آرگینک ری ایکشنز اور تھرموڈائنامکس۔
- فزکس: حرکت، توانائی، بجلی، الیکٹرو میگنیٹزم اور جدید طبیعیات۔
- انگلش: الفاظ کا ذخیرہ، گرامر اور فہم۔
- لاوجیکل ریزننگ: پیٹرن پہچاننا، دلائل اخذ کرنا اور مسئلہ حل کرنے کی تکنیکیں۔
اب تک 97,000 سے زائد طلبہ MDCAT 2025 کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، اور یہ تعداد آخری تاریخ تک بڑھ کر 1,50,000 تک پہنچنے کا امکان ہے۔ امتحان ملک بھر میں 30 مقررہ مراکز میں منعقد ہوگا۔