Home خبریں QUad e Azam Anniversary Message…….

QUad e Azam Anniversary Message…….

by Ilmiat

پاکستان کی تعمیر کریں گے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا ، جمہوری ریاست ، قانون کی حکمرانی اور ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں،صدر مملکت آصف علی زرداری کا قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77 ویں برسی کے موقع پر پیغام

اصدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کریں تو ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں، قائداعظم نے صرف ایک ملک قائم نہیں کیا بلکہ ایک قوم کو اس کی شناخت، عزت اور آزادی سے جینے کا حق دیا، وہ ایک ایسے پاکستان کا خواب رکھتے تھے جو انصاف، مساوات، رواداری اور جمہوریت کی بنیادوں پر قائم ہو، اُن کا خواب ایک ترقی پسند، جامع اور مستقبل کی جانب گامزن ریاست کا تھا جہاں ہر شہری چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا نسل سے ہو برابر کے حقوق اور مواقع سے مستفید ہو۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77 ویں برسی 11 ستمبر، 2025 کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی کے موقع پر ہم بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں وہ ایسے عظیم رہنما تھے جن کی غیر معمولی بصیرت، غیر متزلزل عزم اور اصولی قیادت نے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن قائم کیا،جہاں ہم اپنی زندگیوں کو اپنے عقائد، امنگوں اور اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں اور سماجی و معاشی انصاف کے اصولوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم نے صرف ایک ملک قائم نہیں کیا بلکہ ایک قوم کو اس کی شناخت، عزت اور آزادی سے جینے کا حق دیا، وہ ایک ایسے پاکستان کا خواب رکھتے تھے جو انصاف، مساوات، رواداری اور جمہوریت کی بنیادوں پر قائم ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائد اعظم کا خواب ایک ترقی پسند، جامع اور مستقبل کی جانب گامزن ریاست کا تھا، جہاں ہر شہری، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا نسل سے ہو، برابر کے حقوق اور مواقع سے مستفید ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ آر ایس ایس کے زیر اثر حکومت کے سلوک نے ایک بار پھر اس حقیقت کو آشکار کر دیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پیش کردہ دو قومی نظریہ بالکل درست تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خود بھارت کی اقلیتیں اس امر کو تسلیم کر رہی ہیں کہ ان کے مذہبی، سیاسی اور سماجی حقوق اب محفوظ نہیں رہے،یہ حالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کا قیام ایک تاریخی اور ناگزیر فیصلہ تھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ہمیں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں معاشی مشکلات، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، سماجی ناہمواری، انتہا پسندی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی اشد ضرورت شامل ہے تاہم ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہم پہلی نسل نہیں جو آزمائش سے گزر رہی ہے، ہمیں تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنان خصوصاً قائداعظم سے حوصلہ اور رہنمائی حاصل کرنی چاہئے جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں اتحاد، عزم، اور مقصد کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے اس دن ہم اپنے عزم کا اعادہ کریں کہ ہم اُس پاکستان کی تعمیر کریں گے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، ایک جمہوری ریاست، جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے، جہاں ہمارے نوجوانوں کے لئے مواقع ہوں، خواتین بااختیار ہوں اور اقلیتوں کو مکمل عزت و تحفظ حاصل ہو۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور قائداعظم کے رہنما اصول اتحاد، ایمان اور قربانی ہمیں اس سفر میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے نظریات آج بھی اُتنے ہی اہم اور مؤثر ہیں جتنے 1947 میں تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگر ہم اُن کے وژن کو خلوصِ نیت اور عملی اقدامات کے ذریعے اپنائیں، تو کوئی چیلنج ایسا نہیں جس پر قابو نہ پایا جا سکے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کریں تو ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں۔

You may also like

Leave a Comment