
پنجاب یونیورسٹی میں عشرہ رحمت اللعالمین کے سلسلے میں منعقد کی گئی ہم نصابی سرگرمیوں میں جیتنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیاجس میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود،رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر شاہزیب خان،اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں طلبا و طالبات کے ہدیہ نعت نے سماع باندھ دیا۔ ڈاکٹر محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن کائنات کا مقدس ترین دن ہے اللہ کا سب سے بڑا کرم یہ ہے کہ ہمیں حضرت محمد ﷺکی ذات سے نوازاانہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے زوال کی واحد وجہ حضرت محمدﷺکی تعلیمات سے روگردانی ہے انہوں نے کہا کہ ہم حقوق اللہ اور حقوق العباد تب تک ادا نہیں کر سکتے جب تک اطاعت رسول نہ کریں ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ عزت کا معیار علم و تقوی ہے، دولت و شہرت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی کی تمام کامیابیاں حضرت محمد ﷺ کا نام لینے سے ملی ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے نعت و قرآت پڑھنے والے طلبا و طالبات کو دس دس ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر شاہزیب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدﷺکی زندگی ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بے مقصدیت کا غلبہ ہے وہ عشرہ رحمت اللعالمین کی روشنی میں اخلاق اور معاملات کو انسانیت کی بھلائی کے لئے بدلیں۔تقریب کے اختتام پر قرات،، نعت، کوئز، تقاریر، مضمون نویسی اور تحت الفظ میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
—
:-