اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تھائی لینڈ کی وزارتِ خارجہ اور رائل ایمبیسی آف تھائی لینڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے دورہ کیا اور وائس پریزیڈنٹ (A&F) پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمٰن سے ملاقات کی۔ وفد میں تھائی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور رائل ایمبیسی کے سفیر ایچ ای رونگ وُدھی ویرابٹ سمیت متعدد عہدیداران شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبد الرحمٰن نے یونیورسٹی کے تعلیمی وژن، بین الاقوامی تعاون اور تھائی طلبہ کی بڑی تعداد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ IIUI تھائی طلبہ کی تعلیمی اور فلاحی ضروریات کو اولین ترجیح دیتا ہے اور مستقبل میں تھائی اداروں کے ساتھ بھی مزید معاہدے متوقع ہیں۔
اجلاس میں باہمی تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، اکیڈمک تعاون اور ثقافتی و قیادتی پروگرامز کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تھائی سفیر نے IIUI کی بین الاقوامی طلبہ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے گریجویشن تقاریب کے انعقاد اور طلبہ معاونت میں مزید تعاون کی تجویز دی۔
یونیورسٹی حکام نے تھائی طلبہ کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر (YDC) اور اسٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سینٹر (SFC) کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔ حکام نے بتایا کہ ہاسٹل کی تزئین و آرائش اور ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وفد نے طلبہ کے این او سی، سیکیورٹی اور رابطہ چینلز سے متعلق امور اٹھائے جن کے حل کے لیے ایمبیسی، یونیورسٹی اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزرز کے مابین قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ تھائی سفیر نے IIUI کے اسلامی ماحول اور معیاری تعلیم کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مرد و خواتین تھائی طلبہ نے بھی وفد سے ملاقات کر کے اپنی آراء پیش کیں۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں تھائی طلبہ کی شمولیت مزید بڑھے گی۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں جانب سے تحائف اور اعزازی شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔
