یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر محمد شعیب نے کی۔ اجلاس میں یو ای ٹی کو ایک ارب روپے کی مالی گرانٹ دینے پر ٹی ایس اے کی طرف سے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اظہار تشکر کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر محمد شعیب اورجنرل سیکرٹری ڈاکٹرتنویر قاسم کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی کوششیں اور ویژن لائق تحسین ہیں۔ انہی کی کوششوں سے یو ای ٹی نے مالی بحران پر قابو پایا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں ڈاکٹر شاہد منیر کی سربراہی میں یو ای ٹی ترقی کی منازل طے کرے گی۔ ٹی ایس اے عہدیداران نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور انکی ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پوری ٹیم مستقبل میں بھی اپنی سرپرستی جاری رکھیں گے۔ ٹی ایس اے ایجوکیشن منسٹر رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ایچ ای ڈی خواجہ سلمان رفیق کا بھی شکریہ ادا کیا جنکی کوششوں سے یہ گرانٹ منظور ہوئی۔ ڈاکٹر تنویر قاسم کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی کو ملنے والی اس گرانٹ سے انجینئرنگ یونیورسٹی میں استحکام آئے گا۔
اجلاس میں وفاقی حکومت اور متعلقہ محکموں سے فنڈز کی منتقلی کے عمل کو تیز کرنے اور 25 فیصد ٹیکس ریبیٹ کی بحالی کیلئے بھی درخواست کی گئی۔ ڈاکٹر محمد شعیب کا کہنا تھا کہ فنڈز کی منتقلی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ یو ای ٹی کے ملازمین کو تاخیر شدہ ریلیف جلد از جلد دیا جا سکے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹی ایس اے اساتذہ کمیونٹی کے مفادات اور انکے حقوق کے لیے ہر ممکن آواز اٹھائیں گے۔