Home اہم خبریں یو ای ٹی لاہور میں جشنِ آزادی 2025 کے سلسلے میں ’’محفوظ سفر – محفوظ پاکستان‘‘ سیمینار اور واک کا انعقاد

یو ای ٹی لاہور میں جشنِ آزادی 2025 کے سلسلے میں ’’محفوظ سفر – محفوظ پاکستان‘‘ سیمینار اور واک کا انعقاد

by Ilmiat

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں جشنِ آزادی 2025 کی تقریبات کے سلسلے میں ’’محفوظ سفر – محفوظ پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی یو ای ٹی لاہور اور پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔

سیمینار کی صدارت وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کی، جبکہ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، ڈائریکٹر ریسکیو 1122 علی حسن، پی آر او ڈاکٹر تنویر قاسم، ڈی ایس اے ڈاکٹر ذوالفقار، اور ڈاکٹر قاسم شوکت سمیت یونیورسٹی کے ڈینز، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں محفوظ سفر کی اہمیت اور ٹریفک قوانین پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ای بائیکس کے فروغ کا سہرا ڈاکٹر بلال اکبر خان کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کے انجینئرز قابلیت اور جدت کے لحاظ سے کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے انجینئرز سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے منسٹر ٹرانسپورٹ سے درخواست کی کہ یو ای ٹی طلباء کے تیار کردہ روڈ سیفٹی پراڈکٹس، ہیلمٹ، جیکٹ اور الیکٹرک بائیکس کی فروخت میں تعاون کیا جائے۔ مزید برآں، انہوں نے پنجاب کی جامعات کے لیے رعایتی نرخوں پر الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔

منسٹر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ سفر ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور حادثات میں کمی کا ضامن ہے۔ انہوں نے وہیکل فٹنس لیب کے قیام اور جلد ہی ایکسیڈنٹ پوسٹ انویسٹیگیشن لیب بنانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ سفر ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی پہچان ہے اور پنجاب حکومت روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے جدید حکمت عملی اپنا رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے مہمانِ خصوصی کو شیلڈ پیش کی، جبکہ شرکاء نے محفوظ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

You may also like

Leave a Comment