Home اہم خبریں یو ای ٹی لاہور اور پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مابین معاہدہ

یو ای ٹی لاہور اور پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مابین معاہدہ

by Ilmiat

 یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (PPMC) کے درمیان توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور اس کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر پالیسی سازی، مانیٹرنگ، کوآرڈینیشن اور جدید تحقیقی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے توانائی کے شعبے کو ترقی دینا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے سائنسی، فنی اور تحقیقی معلومات کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی و تحقیقی تبادلوں، اور جدید ٹیکنالوجی کی کمرشلائزیشن کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ سیمینارز، کانفرنسز، تربیتی کورسز، ورکشاپس اور سائنسی اجلاسوں میں بھی باہمی تعاون کو یقینی بنائیں گے۔ یو ای ٹی میں وزارت توانائی اور اس کے متعلقہ اداروں کے ملازمین کے لیے ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ یو ای ٹی کے اساتذہ اور طلبہ کو بھی توانائی سے متعلق غیر تجارتی تحقیقی منصوبوں میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت توانائی ڈیٹا مینجمنٹ کے حوالے سے یو ای ٹی کو درکار ڈیٹا کی فراہمی، ڈیٹا بینک کے قیام، اور ایک ماہر ٹیم کی تشکیل جیسے اقدامات بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔ پرو وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات اور ٹیم لیڈ، انٹیگریٹڈ پلاننگ اینڈ اکنامک انالسز، ڈاکٹر جہانزیب ناصر نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان اور ڈائریکٹر الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس، ڈاکٹر وقار محمود بھی موجود تھے۔


You may also like

Leave a Comment