Home Uncategorized یو ایچ ایس مسلسل تیسرے سال دنیا کی صفِ اول کی طبی جامعات میں شامل……….کیو ایس کی نئی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے میڈیسن میں 701 سے 850 کی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

یو ایچ ایس مسلسل تیسرے سال دنیا کی صفِ اول کی طبی جامعات میں شامل……….کیو ایس کی نئی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے میڈیسن میں 701 سے 850 کی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

by Ilmiat

لاہور، 13 مارچ – یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے مسلسل تیسرے سال دنیا کی ایک ہزار بہترین طبی جامعات میں جگہ بنالی ہے۔ یہ اعزاز اسے حالیہ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے سبجیکٹ 2025ء میں حاصل ہوا ہے۔ یو ایچ ایس جو 2022 میں ان درجہ بندیوں میں شامل ہونے والی پنجاب کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی بنی، اس سال عالمی سطح پر 701 سے 850 کی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ قبل ازیں یہ جامعہ 2012 سے 2015 تک مسلسل ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی جانب سے ملک کی ٹاپ ٹین جامعات میں شمار کی جاتی رہی ہے۔

یو ایچ ایس کی پرو وائس چانسلر اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کی ڈائریکٹر، پروفیسر نادیہ نسیم، جنہوں نے اس درجہ بندی کے حوالے سے کام کیا، نے بتایا کہ یہ رینکنگ کیو ایس درجہ بندی کے اعلیٰ ترین زمرے میں شمار ہوتی ہے جس میں دنیا بھر کی صرف 2 سے 5 فیصد جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے ہی شامل ہوتے ہیں۔

یونیورسٹی کی درجہ بندی پانچ بنیادی اشاریوں پر مبنی ہے: تعلیمی ساکھ، ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کی رائے، تحقیقی مقالوں کے حوالے، ایچ-انڈیکس (H-Index) جو تحقیق کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے اور بین الاقوامی تحقیقی نیٹ ورک۔ اس سال یو ایچ ایس نے تعلیمی ساکھ کے اشاریے میں نمایاں بہتری دکھائی، جہاں اس کا سکور 41.5 سے بڑھ کر 44.2 ہوگیا۔ ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کی رائے میں اسے 57.1، تحقیقی حوالہ جات میں سب سے زیادہ 51.7، ایچ-انڈیکس میں 40.7 اور بین الاقوامی تحقیقی نیٹ ورک میں 23.3 سکور حاصل ہوا۔

یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کی اس شاندار کارکردگی کا سہرا تعلیمی معیار، تحقیق اور معاشرتی ترقی کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کے سر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یو ایچ ایس پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اپنی خدمات کو مزید وسعت دے گا۔

You may also like

Leave a Comment