پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ یوم قراردادِ پاکستان ہمیں برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے عزم صمیم اور جہدِ مسلسل کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن مسلمانانِ ہند نے قائدا عظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے لیے ایک الگ خطہ ارضی کے حصول کے لیے اپنی جہد وجہد کا اعلان کیا اور قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔ بے مثال قیادت اور ایمان، اتحاد ویقین محکم کے اُصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہمارے آباؤ اجداد نے فقط سات برس کے عرصے میں دنیا کے نقشے کو بدل کر رکھ دیا۔ پاکستان کی صورت میں ایک نئی اسلامی مملکت معرضِ وجود میں آئی۔وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار یوم پاکستان کی مناسبت سے عباسیہ کیمپس میں یکجہتی واک کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے یہی وہ تاریخی دن تھا جب ہم نے صدیوں کے سفر کے بعداپنا ایک نصب العین کا تعین کیااور ایک منفرد منزل کا سفر شروع کیا تھا۔ 23 مارچ 1940 کو قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے یہ قرار داد پاس کی اور اس کے بعد ایک لگن کے ساتھ پاکستان کے حصول میں جٹ گئے۔ انگریز برصغیر کو آزاد ی تو دیناچاہتے تھے لیکن مسلمانوں کو علیحدہ مملکت نہیں دینا چاہتے تھے لیکن برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دے کر خون سے، شہیدوں کے لہو سے پاکستان کو حاصل کیا۔ 14 اگست 1947 کو یہ سفر مکمل ہوا کہ مسلمانوں نے 23 مارچ 1940 کی قرارداد کے مطابق آزاد مملکت حاصل کی اس کے بعد صرف پاکستان کے استحکام اور ترقی کا سفر جاری ہے۔ ہر 23مارچ کو ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو ان کی جدوجہد کو ہرگز نہ بھولیں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنا کر رہیں گے۔ہمیں ایک روشن مستقبل کے لئے مل جل کر پاکستانیوں کی حیثیت سے کام کرنا چاہیے۔ اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کی سربراہی میں خصوصی ریلی بھی نکالی گئی جس میں اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے عباسیہ کیمپس میں یکجہتی واک
30