:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیرکی آزادی کیلئے علم اور ٹیکنالوجی کے محاذ پر خود کو مضبوط کرنا ہوگا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام کشمیری طلباء کے اشتراک سے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ ڈاکٹر محمد علی کلاسرا،چیئرمین شعبہ تاریخ و مطالعہ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹرسید عاطف رضا، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار اصغر اقبال سمیت پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کے طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں لازوال ہیں جن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سیمینارزاور ریلیوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ اپنی فلموں کے ذریعے نہتے کشمیریوں کے بارے میں منفی پیغام دیا جس کا مقابلہ کرنے کیلئے طلباء کو فلم میکنگ، سکرپٹ رائٹنگ کا ہنر سیکھناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نظریات، خیالات، رہن سہن کے طریقے، لین دین کے معاملات ہمیں کافروں سے جدا کرتے ہیں لیکن اس فرق کو مٹانے کے لئے کئی قوتیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، ایودھیا اور دہلی سمیت مسلمانوں پرمودی حکومت کے جبر نے ہندوستان کا چھپا ہوا چہرا دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں اقلیتوں پر مظالم دو قومی نظریے کی حقیقت کو ثابت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سید علی گیلانی، افضل گرو اور برہان وانی کی طرح اپنے اندر آزادی کی تڑپ کو زندہ رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست ہر قوم کا حق ہے جس کیلئے اقوام متحدہ کو مثبت کردارنبھانا چاہیے۔پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین نے مسئلہ کشمیر کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تقسیم کے وقت دو ریاستیں ہندوستان کو سازش کے تحت دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر انسانی حقوق کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ڈاکٹر سردار اصغر اقبال نے کہا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ کشمیرکبھی سپر پاور تھا جو غلط فیصلوں اور سازشی پالیسیوں کی بدولت آج ظلم، جبر اور استحصال کا شکار ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید عاطف رضا نے کہا کہ پاکستانی قوم اخلاقی، قانونی، سیاسی و سفارتی محاذپر کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوموں کو آزادی صرف تاریخ پڑھنے سے نہیں بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے ملتی ہے۔ ڈاکٹر محمد علی کلاسرا نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر طلباء کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مبنی ڈاکیومنٹریز، ٹیبلوز پیش کئے گئے۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی قیادت میں ’یوم یکجہتی کشمیر‘ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شریک طلباؤطالبات نے کشمیری لباس زیب تن کررکھے تھے اور آزادی کے نعروں پر مبنی پلے کارڈزاور بینرز تھامے ہوئے تھے۔ شرکاء نے ’گو مودی گو‘اور ’گو انڈیا گو‘ کے فلگ شگاف نعرے بھی لگائے۔
ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے علم و ٹیکنالوجی کے محاذ پرخودکو مضبوط کرنا ہوگا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود
38