:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ایسے گرایجوئیٹس پیدا کرنا ہوں گے جو نوکری بھی اپنی شرائط پر کرسکیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام ’ہیلے ریسرچ ویک‘ کی اختتامی تقریب میں شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد محمود، کالج پرنسپل پروفیسرڈاکٹرحافظ ظفراحمد،چیئرمین انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن فرخ عامل، چینی سفارتخانے کے نمائندے لی ہوٹنگ،فیکلٹی ممبران،محققین اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ آج بھی طلباء صرف نوکری کے حصول کیلئے ڈگریاں لینا چاہتے ہیں مگر اب وقت ہے کہ جامعات اس روش کو بدلنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر طالبعلم کوہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے اورڈرامیٹک سوسائٹیوں کا حصہ بننے والے طلباء کی بھی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاح وبہبود کے کاموں میں حصہ لینے والے اورانٹرنشپ کرنے والے طلباء کو کریڈٹ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو کلاس روم سے زیادہ ایسی سرگرمیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا جہاں کامیاب افراداپنے تجربات شیئر کرتے ہیں۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں سے سیکھ کر طلباء عملی میدان میں استفادہ کریں گے۔ فرخ عامل نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری کی بجائے انٹرپنیورشپ کواپنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ادارے نے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جس کے تحت شکایات آن لائن درج کرائی جا سکتی ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر حافظ ظفر احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج کامرس میں طلباؤطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد آئندہ بھی جاری رہے گا۔
