ہمدرد یونیورسٹی کی 28ویں کانووکیشن تقریب، طلبہ کے لیے فخر اور حوصلے کا لمحہ
کراچی: ہمدرد یونیورسٹی کی 28ویں کانووکیشن تقریب زیرصدارت محترمہ سعدیہ راشد ،شاندار جوش و جذبے اور فخر کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں سال 2026 کے گریجویٹس کی تعلیمی محنت اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔ یہ تقریب طلبہ کے لیے تعلیمی سفر کے اختتام اور پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز کی علامت تھی۔تقریب میں ممتاز ماہرینِ تعلیم، معروف شخصیات اور یونیورسٹی کے سابق طلبہ نے شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبہ کو کامیاب مستقبل کے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی۔

معروف سائنسدان اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم، جدت اور محنت وہ بنیادی قوتیں ہیں جو اقوام کی تقدیر بدلتی ہیں۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ تحقیق، اختراع اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔کانووکیشن تقریب فارغ التحصیل طلبہ کے لیے ایک یادگار لمحہ رہی، جو اپنی نئی زندگی کے سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس موقع کو فخر، دانش اور تحریک کا مظہر قرار دیا اور طلبہ کو بہترین مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔