ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کرکٹ ٹیم اے سی سی انٹر وریسٹی چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ اے سی سی انٹر وریسٹی چیمپئن شپ 19 سے 29 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں منعقد ہو گی۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چیمپئن شپ میں شرکت ایچ ای سی کے کھیلوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
ایچ ای سی طلباء میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی تین طالبات ناجیہ علوی، تسمیہ رباب، طوبہ حسن آغا اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کی ایک طالبہ سیدہ عروب شاہ ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ ایل سی ڈبلیو یو کے دو سابق طلباء ڈیانا بیگ اور نشرا سندھو، کنیئرڈ کالج یونیورسٹی لاہور کے چار سابق طلباء ارم جاوید، سدرہ امین، عالیہ ریاض اور سعدیہ اقبال کے ساتھ ٹیم میں شامل ہوں گی۔
ندا ڈار اور گل فیروزہ پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ ایچ ای سی پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ کے ذریعے یونیورسٹی کے کھیلوں کے انعقاد، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے قیام اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو انعامی رقم اور وظائف فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کرتا ہے۔