ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فیصل آباد میں تحقیقی جرائد کےایڈیٹرز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے چوتھی ایڈیٹرز اورینٹیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں جنوبی پنجاب بھر سے 90 سے زائد ایڈیٹرز، محققین، اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد ادارتی معیار کو بہتر بنانا اور پاکستانی جرائد کو بین الاقوامی اشاعتی معیارات سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ کلیدی مقرر، ڈاکٹر عاطر عظیم، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ، ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان، نے ادارتی انتظام اور ادارہ جاتی ترقی پر عملی بصیرت پیش کی۔شرکاء نے علمی اشاعت کے عالمی بہترین طریقوں کا جائزہ لیا، جن میں پیئر ریویو نظام، اشاعتی اخلاقیات، اور مختلف اشاعتی ڈائریکٹریز جیسے “ڈائریکٹری آف اوپن ایکسیس جرنلز” اور “کمیٹی آن پبلیکیشن ایتھکس” میں اندراج شامل تھے۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد (GCUF) کے وائس چانسلر، ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تحقیقی جرائد کے معیار، وقار اور عالمی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ ترقی ناگزیر ہے۔یہ اقدام ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اُس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان میں علمی تحقیق کے معیار، ساکھ، اور بین الاقوامی اثر کو بلند کرنا ہے۔
