54
ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے جامعات کے تعلیمی، انتظامی اور مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک تاریخی ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے “مکتب (MAKTAB)” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ عالمی بینک کے تعاون سے جاری ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (HEDP) منصوبے کے تحت متعارف کرایا گیا ہے۔
MAKTAB کو ملک کی 25 سرکاری جامعات میں نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے SAP پر مبنی انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP)، اسٹوڈنٹ لائف سائیکل مینجمنٹ اور بلیک بورڈ لرننگ مینجمنٹ سسٹم (LMS) کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس مربوط نظام کا مقصد جامعات میں شفافیت، انتظامی و مالیاتی کارکردگی، اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ دینا ہے، تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو زیادہ مؤثر، جوابدہ اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال چوہدری نے آن لائن شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بالمشافہ شرکت کی۔ اس موقع پر HEC کی اعلیٰ قیادت، وائس چانسلرز اور دیگر اہم شراکت دار بھی موجود تھے۔
شرکاء نے MAKTAB کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا، جو جامعات کو اسمارٹ، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
Post Views: 69