
۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منعقدہ ملکی جامعات کے درمیان تقریری مقابلہ جات میں مہران یونیورسٹی کے طلباء نے میدان مار کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ترجمان جامعہ مہران کی جا نب سے جاری کردہ بیان کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں ہونے والے مقابلوں میں اردو کیٹیگری میں مہران یونیورسٹی کے میکاٹرونکس ڈیپارٹمنٹ کے عبدالغفار درس، انگلش ڈیپارٹمنٹ کی ثانیہ امجد اور سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ذیشان ٹالپر نے مہران یونیورسٹی کی نمائندگی کی اور پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مہران یونیورسٹی کے طلباء کو مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافی اور ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ طلباء کی اس کامیابی پر مہران یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار نے کہا کہ طلباء کا مقابلے میں حصہ لینا ایک کامیابی ہے اور پہلی پوزیشن حاصل کرنا دوسری کامیابی ہے۔ ڈاکٹر انیل کمار نے کہا کہ مہران یونیورسٹی کے طلباء ملکی سطح کے مقابلوں میں حصہ لے کر نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں، جو کہ مہران کی محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی میں تدریسی اور غیرنصابی سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول موجود ہے۔ اگر طلباء اسی طرح محنت کرتے رہے تو انہیں مزید مواقع ملیں گے۔ طلباء کے وفد نے ریجنل مقابلے میں انجینئر فیض احمد ابڑو کی قیادت میں شرکت کی، جو مہران یونیورسٹی کے فوکل پرسن ہیں
