لاہور: گورنمنٹ دیال سنگھ گریجویٹ کالج لاہور میں پہلی انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ 2025 نہایت شاندار انداز میں فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ لیگ وزیراعلیٰ پنجاب میڈم مریم نواز شریف اور وزیرِ برائے ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کی جانب سے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی بحالی کے وژن کا عملی آغاز ثابت ہوئی۔فائنل میچ کے آغاز سے قبل آرٹس اور سائنس کے پروفیسرز کے درمیان ایک دوستانہ میچ کھیلا گیا جس میں سائنس گروپ نے 5 اوورز میں 76 رنز بنائے، تاہم آرٹس گروپ نے یہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد اشرف نے اپنی عمدہ بولنگ سے شائقین سے خوب داد سمیٹی اور طلباء و طالبات کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف بھرپور ترغیب دی۔
لیگ کے فائنل میں BBA Hunters اور Hamas Tigers کے مابین نہایت سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ BBA Hunters نے پہلے کھیلتے ہوئے 102 رنز کا ہدف دیا جسے Hamas Tigers حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس طرح BBA Hunters پوری لیگ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے چیمپئن قرار پائی۔ ٹیم کے احمد نے 40 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پرنسپل ڈاکٹر محمد حماد اشرف نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ایڈمن پروفیسر عمران اکرم، پروفیسر چوہدری محمد شفیق اکبر، پروفیسر ڈاکٹر عاصم رزاق اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

طالبات کی لیگ میں بھی کامرس ڈیپارٹمنٹ نے فائنل جیت کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی پر پروفیسر توفیق الرحمٰن اور میڈم ساجدہ کو خصوصی مبارک باد پیش کی گئی۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کھیل طلبہ میں برداشت، ٹیم ورک اور مثبت مقابلے کی روح پیدا کرتے ہیں۔ کامیابی اور ناکامی زندگی کا حصہ ہیں، اور ہر شکست ایک نئی شروعات کا موقع دیتی ہے۔
اس ایونٹ کی شاندار کامیابی کا سہرا کالج کے پرنسپل ڈاکٹر حماد اشرف کی سرپرستی اور پروفیسر چوہدری محمد شفیق اکبر کی انتھک محنت کے سر باندھا گیا جنہوں نے اس پورے ٹورنامنٹ کو منظم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر ارشد اقبال، پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب، پروفیسر ڈاکٹر نجم الدین فارانی، پروفیسر حسن رشید، پروفیسر احسن ہارون، پروفیسر جاوید وٹو، پروفیسر ولید احمد، ملک کاشف، آفتاب، ذیشان بٹ اور متعدد دیگر اساتذہ و اہلکاروں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پورے ایونٹ کی بھرپور میڈیا کوریج فراہم کی، جس پر پروفیسر ناصر ادیب، پروفیسر ڈاکٹر عمارہ، پروفیسر شمائلہ اور ان کی ٹیم کو خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔آخر میں اساتذہ اور طلباء نے وزیراعلیٰ پنجاب میڈم مریم نواز شریف اور وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کا شکریہ ادا کیا اور کھیلوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔