
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے 47ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام اور پہلے سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کے زیر تربیت افسران کے وفد نے ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے وفد کو گورنر ہائوس لاہور میں خوش مدید کہا اور انہیں گورنر ہاس کی تاریخ سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کا ملک کے انتظامی امور چلانے اور ترقی میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سروس کا مطلب عوام کی خدمت ہے۔گورنر پنجاب نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران صرف اور صرف قومی مفادات اور عوامی فلاح کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا انحصار صرف انفرادی صلاحیتوں اور وسائل پر نہیں ہے بلکہ اس بات پر بھی ہے کہ ان وسائل کو کس حد تک موثر طریقے سے استعمال میں لایا جائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ٹیکنالوجی کو اپنانا اور ٹیم ورک کرنا بہت اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور طریقے سے کردار ادا کریں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے یہ جان کر حوشی ہوئی کہ سول سروس اکیڈمی میں کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اس وقت غربت میں کمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سماجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے معاشی ترقی کے مساوی مواقع کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر فرد کو ایک موثر، جوابدہ اور خدمت پر مبنی طرز حکمرانی کا نمونہ دے کر اس کی پیداواری صلاحیت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔ گورنر پنجاب نے زیر تربیت افسران کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی غیر متزلزل لگن اور عزم کے ساتھ ترقی کی مشعل کو آگے بڑھائیں گے۔ قبل ازیں، وفد کے سربراہ ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام اور سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کے اغراض ومقاصد کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔
٭٭٭