Home اہم خبریں کینیا کے سفارتکاروں کا یو ای ٹی لاہور کا دورہ……….کینیا کے طلباء کے لیے یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات پر گفتگو

کینیا کے سفارتکاروں کا یو ای ٹی لاہور کا دورہ……….کینیا کے طلباء کے لیے یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات پر گفتگو

by Ilmiat

کینیاکے سفارت خانےکے وفد نے مشن کے نائب سربراہ ڈینیئل نگندا کی زیر قیادت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیا اور رجسٹرار یو ای ٹی میاں محمد آصف کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں کینیا کے طلباء کے لئے یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات پر بات چیت کی گئی ۔وفد میں کینیا کے سفارت خانے کے اہم افسران کے علاوہ کینیا قونصلیٹ لاہور کے کمرشل منیجر رئیس عالم بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد تعاون کو بڑھانے اور یو ای ٹی میں کینیا کے طلباء کی تعداد میں اضافے کے مواقع تلاش کرنا تھا۔ گفتگو کے دوران، رجسٹرار یو ای ٹی میاں محمد آصف نے بین الاقوامی طلباء کے لیے سہولیات کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے معیاری تعلیم اور ایک معاون ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وفد نے کینیا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد نے یو ای ٹی میں زیر تعلیم کینیا کے طلباء سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر آمنہ نیازی بھی موجود تھے۔ دونوں فریقین نے کینیا کے طلباء کے لئے یو ای ٹی لاہور میں تعلیمی مواقع کو مزید بہتر بنانے کے لئے باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ رجسٹرار نے یو ای ٹی اور کینیا کے سفارت خانے کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت کے طور پر مہمان سفارتکاروں کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

You may also like

Leave a Comment