وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ عالمی یوم اساتذہ ایک اہم موقع ہے جو اساتذہ کو ان کے غیر متزلزل عزم لگن اور طلباءوطالبات کے ذہنوں اور مستقبل کی تشکیل اور عزت افزائی کے لیے وقف ہے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ سوشل ورک اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے تعاون سے عباسیہ کیمپس کے غلام محمد گھوٹوی ہال میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نےا قوم کی تعمیر اور طلباء کی ہمہ گیر ترقی میں اساتذہ کے اہم کردار پر زور دیا۔ وائس چانسلرنے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے حقیقی معمار ہیں اور ان کا اثر و رسوخ کلاس رومز سے بہت آگے تک پھیلا ہوا ہے جو اقدار نظم و ضبط اور آنے والی نسلوں کے نقطہ نظر کو تشکیل دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباءوطالبات اپنے اساتذہ کا عکس ہوتے ہیں جو اپنے علم اخلاقیات اور وژن کو دنیا میں آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباءوطالبات دونوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ احترام سیکھنے اور فکری تجسس کی روایت کو فروغ دیتے رہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا چیئرمین شعبہ سوشل ورک نے بھی خطاب کرتے ہوئے عالمی سطح پر منائے جانے والے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب میں خصوصی شرکت پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیااوراس سرگرمی کے انعقاد پر طلباءوطالبات کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب نے نہ صرف اساتذہ اور طلباء کے درمیان تعلق کو مضبوط کیا بلکہ تدریس کے عظیم پیشے اور انسانی ترقی اور سماجی ترقی پر اس کے لازوال اثرات کی ایک خوبصورت یاد دہانی کا کام بھی کیا۔
