وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا ہے کہ کتابیں ماضی اور مستقبل کو جوڑنے کا بہت اہم ذریعہ ہیں اور کتابوں کی بدولت نسلیں اور ثقافتیں آپس میں منسلک ہوتی ہیں۔ کتابیں ہی دراصل ہمارے علم میں اضافے کا ذریعہ ہیں۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ بک اور کاپی رائٹ کے دن کے موقع پر شعبہ لائبریر ی اینڈ انفارمیشن سائنس کی جانب سے منعقد کی گئی خصوصی واک کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے اس دن کی اہمیت سے آگاہ کیا اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی ترقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لیے کتاب بینی کے رجحان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں والدین کا کردار بھی بہت اہم ہے جو اپنے بچوں میں کتاب بینی کی عادت ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یونیسکو نے ورلڈ بک اور کاپی رائٹ ڈے کا تھیم اپنا طریقہ پڑھیں مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن عالمی سطح پر کتابوں سے وابستہ مصنفین، ناشرین، کتب فروخت کرنے والوں اور لائبریریوں اور معلوماتی مراکز کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز،پروفیسر ڈاکٹر یاسمین روفی ڈائریکٹر سکول آف سٹیٹ سائنسز، ڈاکٹرخالد محمود سنگھیرا چیف لائبریرین، ڈاکٹر عابد رشید گل سربراہ شعبہ اکنامکس، فیکلٹی ممبرز اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔
…….2…..
ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام انٹرورسٹی جوڈو چیمپئن شپ 2024 کا افتتاح
پروفیسرڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام انٹرورسٹی جوڈو چیمپئن شپ 2024 کا افتتاح کیا۔ یہ قومی ایونٹ سپورٹس کمپلیکس بغداد الجدید کیمپس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں منعقد ہوا۔ اس چیمپئن شپ میں یونیورسٹی آف سنٹر ل پنجاب، پنجاب یونیورسٹی لاہور، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام، یونیورسٹی آف گجرات، سپیریر یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزلاہور اور میزبان اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکھیلوں کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ یونیورسٹی میں طلباو طالبات کے لیے جدید سہولیات سے لیس سپورٹس کمپلیکس موجود ہے۔ ڈائریکٹر سپورٹس امجد فاروق وڑائچ نے کہا کہ مہمان ٹیموں کے لیے کھیلوں اور رہائش کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرتی رہتی ہے۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے اتھلیٹس بہاولپور روایتی میزبانی سے لطف اندوز ہوں گے۔