Home اہم خبریں ڈاکٹر نیاز احمد اختر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن مقرر

ڈاکٹر نیاز احمد اختر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن مقرر

تعلیمی حلقوں نے ان کی چیئرمین ایچ ای سی کے طور پر تقرری کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

by Ilmiat

پاکستان کے وزیراعظم پاکستا   میاں شہباز شریف ننے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، ستارۂ امتیاز (SI) کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، انجینئر اور اعلیٰ تعلیمی انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جامعات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم پیش رفت ہوگی۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے 14 مارچ 2023 کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ وہ ایک ممتاز اسکالر اور ماہرِ تعلیم ہیں جنہوں نے یونیورسٹی آف لیڈز، برطانیہ سے کیمیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی جبکہ یونیورسٹی آف پنجاب سے کیمیکل انجینئرنگ میں انڈرگریجویٹ ڈگری حاصل کی۔اپنے طویل اور شاندار تعلیمی کیریئر کے دوران ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اہم انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) ٹیکسلا، یونیورسٹی آف ساہیوال، انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی (ITU-پنجاب) اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد (NTU) کے وائس چانسلر جبکہ ریکٹر NTU کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) میں چھ سال سے زائد عرصہ وائس چیئرمین (پنجاب) بھی رہے۔

ڈاکٹر نیاز احمد اختر اعلیٰ تعلیم میں معیار کے موضوع پر چار کتب کے مصنف و مدیر ہیں اور متعدد تحقیقی جرائد میں ان کے تحقیقی مقالات شائع ہو چکے ہیں۔ وہ Journal of Quality & Technology Management کے مدیر بھی رہے ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب میں انسٹیٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ (IQTM) اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کی بنیاد رکھی اور بطور بانی ڈائریکٹر خدمات انجام دیں۔

 حکومتِ پاکستان نے انہیں 23 مارچ 2015 کو تعلیم (انجینئرنگ و ٹیکنالوجی) کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازا تھا۔تعلیمی حلقوں نے ان کی چیئرمین ایچ ای سی کے طور پر تقرری کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

You may also like

Leave a Comment