چاپو چولستان بہاولپور میں واقع ایگریکلچر ریسرچ اینڈ فیسلیٹیشن سینٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں چینی وفد کی قیادت یوآن جیان من نے کی۔ گرین پاکستان انیشیٹو کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل (ر) شاہد نذیر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی نمائندگی ماہرین کی ایک ٹیم نے کی جس میں نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان عزیز پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں رضا اور لیکچرر ڈاکٹر افتخار شامل تھے۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل شاہد نذیر نے پاکستان کے زرعی شعبے کے اہم مسائل کے حل میں چینی ٹیکنالوجی کی ممکنہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے ڈاکٹر عثمان عزیز نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے وژن اور تعاون کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے ملک کی کپاس کی صنعت کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان ممکنہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا جسے وفد نے پرجوش انداز میں سراہا۔میٹنگ کے اختتام پر وفد نے چاپو میں کپاس کے تجرباتی ٹرائلز کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر ہمایوں اور ڈاکٹر افتخار نے جنوبی پنجاب کے سخت ماحولیاتی حالات میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تیار کردہ اقسام کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے خطے میں کپاس کی اچھی اقسام تیار کرنے میں نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ کے کام کی تعریف کی اور ادارے کی ترقی کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
پی آر او نمبر 3