پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم فیز فور کے تحت ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی ذہین طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے پندرہ سے زائد شعبہ جات کی 131 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین تھی جبکہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے خصوصی نمائندے رضوان انور، ماہا جمیل ، اسفند یار اور ڈاکٹر محمد عمران دین نے بھی شرکت کی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین نے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی ایم فل اور بی ایس آنرز کی طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دے رہی ہے۔ ڈاکٹر زیب النساء حسین کا کہنا تھا کہ طالبات لیپ ٹاپ کے ذریعے ڈیجیٹل مہارتیں سیکھیں، ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت لیپ ٹاپ کے ذریعے طالبات کو ایمپاور کر رہی ہے۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ پیشہ وارانہ شعبوں میں ٹیکنالوجی کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور لیپ ٹاپ کے ذریعے طالبات ٹیکنالوجی کو موثر استعمال کر سکیں گے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عمران دین کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ جدید دور کا ہتھیار ہے، طالبات نئے علوم سیکھنے میں استعمال کریں، انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طالبات کو لیپ ٹاپ دینا ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر رضوان انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے قومی سطح کے پروگرامز کا اجراء کیا ہے ، ایک لاکھ طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی وزیر اعظم کے یوتھ مشن کا واضح ثبوت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ہی معاشی ترقی کی ضمانت ہے اور لیپ ٹاپ سکیم پر تنقید کرنے والے بھی جانتے ہیں کہ پاکستان فری لانسنگ میں دُنیا کی چوتھی بڑی مارکیٹ بن چکا ہے۔ تقریب سے خطاب میں ماہا جمیل کا کہنا تھا کہ خواتین پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور طالبات کو لیپ ٹاپ ملنے سے انھیں اپنی تعلیم کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔