ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جاوید علی میمن نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سے ملاقات کی۔ اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے چیف انجینئر فیض الحسن سپرابھی موجود تھے۔ ملاقات میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر کی جامعات میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ بعد ازاں جاوید علی میمن نے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعمیر جدیدویٹ لفٹنگ اکیڈمی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کی تیز رفتار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر پرشعبہ انجینئرنگ کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔جاوید علی میمن نے کہا کہ یہ اکیڈمی نہ صرف نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کوویٹ لفٹنگ کی تربیت فراہم کرے گی بلکہ ان کی جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے بھی معیاری سہولیات سے آراستہ ہے۔ اکیڈمی میں فزیکل فٹنس کے حوالے سے لیکچرز کے لیے کلاس رومز اور ریسورس سینٹرز موجود ہیں جو اسے ایک عالمی معیار کی تربیتی سہولت بناتے ہیں۔جاوید علی میمن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کی مختلف جامعات میں 12 اسپورٹس اکیڈمیز قائم کی جا رہی ہیں جو نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشونما کے لیے کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اس منصوبے کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو بھی افتتاحی تقریب کی دعوت دی جائے گی۔
…….2……
پنجاب یونیورسٹی: ایسوسی ایٹ ڈگری کا آن لائن داخلہ شیڈول
:پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسوسی ایٹ ڈگری آرٹس/سائنس پارٹ ون اور بی اے(سماعت سے محروم امیدواروں)کے سپلیمنٹری امتحانات 2024 ء کے داخلہ فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ آخری تاریخ 28 اکتوبر 2024 ہے۔امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ داخلہ فارم صرف آن لائن جمع کرائے جائیں گے اور کوئی داخلہ فارم دستی یا ڈاک کے ذریعے قبول نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات www.pu.edu.pk پر دستیاب ہیں۔