پنجاب یونیورسٹی نے مستحق طلباء کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے سکالرشپ فراہم کرنے کے لئے انٹرویوز شروع کر دئے ہیں۔اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر حافظ انوار، راجہ منوراور خزانہ دار آفس کے عملے نے شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اپنے باصلاحیت طلباء کو تعلیمی سفر جاری رکھنے میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مالی وسائل میں کمی کے باوجود پنجاب یونیورسٹی سے فارغ التحصیل افراد دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مستحق مگر ذہین طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی تعلیم دوست پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی کیو ایس رینکنگ کے ادارے نے یونیورسٹی کو ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی والی یونیورسٹی قرار دیا ہے۔دریں اثناء پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم مختلف شعبہ جات کے مستحق طلباؤطالبات کو سکالرشپس کی فراہمی کے لئے انٹرویو کئے گئے۔
پنجاب یونیورسٹی اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ
پنجاب یونیورسٹی اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے معاہد طے پاگیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،وائس چانسلر لاہور لیڈز یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔ معاہدے کے مطابق دونوں یونیورسٹیاں مشترکہ طور پردرمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گی۔ وہ تعلیمی وسائل اورپبلیکشنز کے تبادلے، فیکلٹی اور طلباء کے مطالعہ اور تحقیق کے تبادلے، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تربیت پر کام کریں گے۔