59
پنجاب یونیورسٹی سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماونٹین ریسرچ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے 2025ء کے سلسلے میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹرصائمہ صدیقی، چیئرمین شعبہ جغرافیہ گورنمنٹ سائنس کالج ڈاکٹر محمد غوث، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹرصائمہ صدیقی نے معزز مہمانوں، مقررین اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عالمی تھیم ”گلیشیئرز پانی، خوراک اور روزگار کے لیے،پہاڑوں میں اور اس سے آگے“پر سیر حاصل بات چیت کی۔ انہوں نے ان گلیشیائی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی فوری ضرورت پر زور دیا جو لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کا سہارا ہیں۔ڈاکٹر محمد غوث نے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کی تشویشناک شرح اور اس کے میٹھے پانی کی دستیابی پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ گلیشیئرپاکستان کی واٹر سکیورٹی کے لیے نہایت اہم ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر کلائمٹ مانیٹرنگ، واٹر شیڈ مینجمنٹ اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو ضروری قرار دیا۔سول لائنز کالج کے ڈاکٹر محمد جبارنے خوراک کی پیداوار، توانائی کے حصول اور مقامی معاش کے لیے گلیشیئرز کے بنیادی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں سے لے کر زیریں مقامات تک کروڑوں لوگ گلیشیئرکے پگھلے پانی پر زرعی ضروریات، پینے کے پانی اور ہائیڈرو پاور کے لیے انحصار کرتے ہیں۔