Home اہم خبریں پنجاب میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ، اسکولوں میں سی سی ٹی وی اور فاصلاتی تعلیم متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ، اسکولوں میں سی سی ٹی وی اور فاصلاتی تعلیم متعارف کرانے کا فیصلہ

:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میںسکولوں میں صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

by Ilmiat

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب حکومت نے اسکول اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرانے اور اسکولوں میں صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے دوران اسکول تعلیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اصولی طور پر اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ آؤٹ سورسنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اسکول امپروومنٹ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پنجاب پبلک اسکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ کے فیز فور کی منظوری بھی دے دی گئی۔

اجلاس میں صوبے میں پہلی مرتبہ اسکولوں میں فاصلاتی تعلیم متعارف کرانے اور آڈیو ویژول تدریسی طریقہ کار شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ تک 140 نواز شریف اسکول آف ایمیننس فعال ہو جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق اس وقت 344 اسکولوں میں 42 ہزار 614 طلبہ اور 3 ہزار 566 اساتذہ کے لیے اسپوکن انگلش کلاسز جاری ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے 5 لاکھ طلبہ کے لیے اسپوکن انگلش کلاسز شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اسکول میل پروگرام سے 13 اضلاع میں 11 لاکھ 37 ہزار طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے بعد طلبہ کے اندراج میں 800 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس میں فیز ون کے بعد 114 فیصد اور فیز ٹو کے بعد مزید 24 فیصد اضافہ ہوا۔ اساتذہ کی تعداد میں بھی فیز ون میں 40 فیصد اور فیز ٹو میں 46 فیصد اضافہ ہوا۔

Punjab introduces new dress code for teachers

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آؤٹ سورسنگ کے بعد 540 اسکولوں میں 866 نئے کلاس رومز تعمیر کیے گئے جبکہ ہزاروں کمروں کی تعمیر و مرمت کا کام بھی کیا گیا۔ 27 لاکھ مربع فٹ سے زائد باؤنڈری والز تعمیر یا مرمت کی گئیں، 5 ہزار 67 ٹوائلٹس بنائے یا مرمت کیے گئے اور 8 ہزار 911 اسکولوں میں رنگ و روغن کا کام مکمل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1 لاکھ 60 ہزار 450 نئے فرنیچر سیٹس فراہم کیے گئے جبکہ 3 ہزار 665 واٹر ٹینکس اور 18 ہزار 380 واٹر کولرز نصب کیے گئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد یہ ہے کہ ہر بچے کو سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم ملے اور وہ اعتماد کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا معیار اس حد تک بہتر کیا جائے گا کہ والدین اپنے بچوں کو وہاں داخل کروانے کو ترجیح دیں، اور پنجاب کے ہر سرکاری اسکول کی حالت بہتر بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔

You may also like

Leave a Comment