Home Uncategorized پاکستان میں وسائل کا درست استعمال کرکے شعبہ آئی ٹی کی ایکسپورٹ 30بلین ڈالر تک پہنچائی جا سکتی ہیں، حذیفہ رحمان

پاکستان میں وسائل کا درست استعمال کرکے شعبہ آئی ٹی کی ایکسپورٹ 30بلین ڈالر تک پہنچائی جا سکتی ہیں، حذیفہ رحمان

by Ilmiat

:وزیر مملکت برائے قومی ورثہ اور ثقافت، وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق طالب علم حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں وسائل کا درست استعمال کرکے شعبہ آئی ٹی میں اقدامات کے ذریعے ایکسپورٹ 30بلین ڈالر تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے لاء کالج کے آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، ڈائریکٹر ایلومنائی آفس پروفیسر ڈاکٹر حامد سعید، سکول کے شعبہ جات سے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں حذیفہ رحمان نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں والدین کے بعد میرے پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کے اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں، یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہیلی باربطور وزیرمملکت قائد اعظم محمد جناح کے مزار پر گارڈ آف آنر لیا تو بہت خوشی اور فخر محسو س کیا اور دوسری بار آج اپنی مادر علمی میں آکرجو خوشی اور اطمینان ملا، وہ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اب اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کے خوف سے لوگ اپنے دوستوں کو چھوڑ دیتے ہیں، لیکن مشکل میں ہی اصل دوستوں کی پہچان ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک بہت شاندار ادارہ ہے جس میں سہولیات سے بھرپور تعلیمی ماحول کی فضاء قائم ہے۔ انہوں نے اپنے مرحوم اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر احسن اختر ناز اور پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کی پنجاب یونیورسٹی کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور پنجاب یونیورسٹی کے لئے ہمہ وقت اپنی خدمات پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے حذیفہ رحمان کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اتنی چھوٹی عمر میں پنجاب یونیورسٹی کے سابق طالب علم کی وفاقی کابینہ میں شمولیت ادارہ کے لئے اعزا ز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے طلباء کے لئے بھی سیکھنے کا موقع ہے کہ کیسے محنت اور لگن سے خود کو منوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اساتذہ میری وجہ سے خود کو بھی وائس چانسلر سمجھتے ہیں جو میرے لئے بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک عظیم ادارہ ہے اس کی اچھائیوں پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے نامور ججز، وکلاء، بیورکریٹس، ماہر ین تعلیم، وزراء، انجینئرز، سوشل سائنسدان سمیت بڑی بڑی نامور شخصیات پیدا کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں سر اٹھا کر جینا ہے تو مالی طور پر مستحکم ہونے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں فتح کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ سبز پاسپورٹ پر فخرمحسوس ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اور قوم نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو اس کی نسلیں یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ کہہ کر کہ ’تم ہمارا پانی بند کروگے، ہم تمہاری سانسیں بند کر دیں گے‘، پوری قوم کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ پروفیسرڈاکٹر عابدہ اشرف نے کہا کہ حذیفہ رحمان پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کیلئے روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حذیفہ نے اپنی تعلیم کے ساتھ بطور صحافی اپنے سفر کو جاری رکھا جو ہمارے نوجوان طلباؤطالبات کے لئے قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباؤطالبات ضرور بڑے خواب دیکھیں مگر اس کی تعبیر کیلئے محنت، لگن اور ایمانداری کا دامن نہ چھوڑیں۔ بعد ازاں حذیفہ رحمان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز ی شیلڈز سے نوازا گیا۔     

You may also like

Leave a Comment