Home اہم خبریں پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے نیپون فائونڈیشن کے تعاون سے جاپان سے متعلق 166 کتابوں کا ایک مجموعہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کو بطور عطیہ دیا

پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے نیپون فائونڈیشن کے تعاون سے جاپان سے متعلق 166 کتابوں کا ایک مجموعہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کو بطور عطیہ دیا

by Ilmiat

:پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے نیپون فائونڈیشن کے تعاون سے جاپان سے متعلق 166 کتابوں کا ایک مجموعہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کو بطور عطیہ دیا جس کا مقصد کتابوں کے ذریعے جاپان کی ثقافت، ادب، تاریخ اور سیاست سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر اکا متسو شیوچی نے پیر کو منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک کو نیپون فائونڈیشن کی طرف سے کتابوں کا یہ تحفہ پیش کیا۔انگریزی زبان میں یہ کتابیں جاپان سے متعلق تاریخ، سیاست، ادب، معیشت، فلسفہ،سکیورٹی، فن اور ثقافت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر نے نیپون فائونڈیشن کی جانب سے کتابوں کا یہ قیمتی تحفہ حاصل کرنے پر طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کتابوں کے ذریعے طلباء، فیکلٹی، محققین اور دانشوروں کو جاپان کے بارے میں نہ صرف اہم معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ان میں جاپان سے متعلق دلچسپی بھی بڑھے گی۔ سفیر نے کہا کہ کتابوں کا یہ تحفہ درحقیقت جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید تقویت دینے میں پل کا کردار ادا کرے گا۔جاپان کے سفیر نے پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم کے شعبہ میں ترقی کرنے میں کامسیٹس یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جاپان کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتھ مل کر تعلیمی اور ثقافتی تعاون اور کوششوں کو جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیپون فائونڈیشن اور جاپان کے سفارت خانے کی جانب سے کتابوں کے اس انمول تحفے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلباء ان کتابوں سے نہ صرف اپنے علم میں اضافہ کریں گے بلکہ مستقبل میں جاپان پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

نیپون فائونڈیشن نے “ریڈ جاپان پراجیکٹ” 2008ء میں شروع کیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر کی یونیورسٹیوں اور لائبریریوں کو انگریزی زبان میں جاپان سے متعلق کتابوں کے عطیہ کے ذریعے جاپان سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔

You may also like

Leave a Comment