پاکستان میں تعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے اور شواہد پر مبنی اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے دو روزہ ڈیئر-آر سی انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ 2025 اختتام پذیر ہو گئی۔ جمعرات کو سمٹ کے دوسرے روز تحقیقاتی شواہد کو کلاس روم کی تدریس، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور نظامی سطح پر تعلیمی حکمرانی میں موثر طریقے سے منتقل کرنے پر زور دیا جبکہ ملک بھر کے تعلیمی رہنما، پالیسی ساز اور بین الاقوامی ماہرین نے شواہد کے عملی اطلاق کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔دوسرے روز مجموعی طور پر نو سیشنز منعقد ہوئے جن میں ایک سپاٹ لائٹ خطاب، تین موضوعاتی پینل مباحثے، چار متوازی رائونڈ ٹیبل مکالمے اور ایک اختتامی پلینری شامل تھی۔ برٹش ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈک نے اختتامی کلمات میں حکومت، جامعات اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان پائیدار تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تحقیق کو بامعنی نظامی اثرات میں تبدیل کرنا ہر سطح پر شراکت داری کا متقاضی ہے۔

ڈیئر-آر سی کی پروگرام ڈائریکٹر صائمہ انور نے ’’شواہد سے عمل کی طرف‘‘ فوری پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے بعد ایل یو ایم ایس کے ڈاکٹر عرفان مظفر نے سپاٹ لائٹ سیشن میں کلاس روم کی زمینی حقیقتوں کو نظامی اصلاحات کے ساتھ جوڑنے کے طریقے بیان کیے جس نے شرکا کو عملی تدابیر پر غور کرنے کی ترغیب دی۔
دن بھر کے پینل مباحثوں میں کیمبرج یونیورسٹی کے ڈاکٹر ریکارڈو سباتیز، آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈاکٹر عالیہ خالد اور وہاٹ ورکس ہب فار گلوبل ایجوکیشن کی ہیدر کیٹن سمیت بین الاقوامی سکالرز نے حصہ لیا جبکہ پاکستان کے تمام صوبوں سے سینئر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ شرکا نے شواہد پر مبنی تدریسی طریقے، اساتذہ کی بھرتی اور پیشہ ورانہ تربیت، جوابدہی اور کارکردگی کی نگرانی اور نظامی سطح پر تعلیمی حکمرانی جیسے موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔
