اسلام آباد — پاکستان میں تعلیم اور عالمی تعلیمی مواقع کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے چارج ڈی افیئرز نتائیل اے بیکر کے ہمراہ یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (USEFP) کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ جدید سہولت پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔ نئی عمارت کے ذریعے تعلیمی تبادلے کے پروگراموں، تعلیمی مشاورت اور بین الاقوامی مواقع تک طلبہ کی رسائی میں اضافہ ہوگا، جس سے نوجوانوں کو عالمی سطح پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی مواقع کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ USEFP کی یہ پیش رفت پاکستان کے طلبہ کے لیے نئے دروازے کھولے گی۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کی عملی مثال قرار دیا۔
