:متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای کےانسانی وسائل ، اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے وزیر ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالمنان العوار سے ملاقات کی۔ ہفتہ کو ابو ظہبی سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین اعلیٰ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا اس کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے طلباء، تعلیمی اداروں اور پیشہ ور افراد کیلئے اقدامات پر قریبی کام کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور تارکین وطن کے لیے ایک جامع اور سازگار ماحول کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور مہارتوں کی ترقی اور افرادی قوت کی تیاری میں تعاون میں وسعت کے پاکستانی عزم کو اعادہ کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر ڈاکٹر عبدالرحمن العوار نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان پائیدار بات چیت اور ہم آہنگی کا بھی خیرمقدم کیا۔